نئی دہلی، 28 جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن پیر کو شروع ہورہا ہے ۔ تین طلاق بل جو سرمائی اجلاس میں راجیہ سبھا میں پاس نہیں ہوسکاتھا۔ اب مرکزی حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ بجٹ اجلاس میں وہ بل راجیہ سبھا میں پاس کرالیا جائے ۔ حالانکہ بل کو لے کر حکومت کواپوزیشن کی سخت مخالف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بجٹ اجلاس کی شروعات صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے خطاب کے ساتھ ہوگی۔ صدر کووند کے خطاب کے بعد دونوں ایوانوں میں اقتصادی سروے رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ وزیرخزانہ ارون جیٹلی یکم فروری کو بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے اس میعاد کا آخری مکمل بجٹ پیش کریں گے ۔اجلاس کا پہلا مرحلہ نو فروری کو پورا ہوجائے گا ۔ دوسرا مرحلہ پانچ مارچ سے چھ اپریل کے درمیان ہوگا ۔ بجٹ سیشن میں بجٹ سے وابستہ معاملات کے علاوہ مودی حکومت کچھ دیگر اہم بلوں کو بھی پاس کرانے پر زور دے سکتی ہے ۔ تین طلاق سے متعلق بل کے علاوہ حکومت او بی سی کمیشن کو آئینہ درجہ دینے والے بل کو بھی پاس کرانے کی کوشش کرے گی ۔ یہ دونوں بل سیاسی طور پر کافی اہم ہیں۔